فیس بک کا دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے ساتھ مقابلہ تو جاری تھا ہی، لیکن اب اس نے سنیپ چیٹ(Snapchat) کو نیچا دکھانے کے لیے بھی کمر کس لی ہے۔فیس بک نے اپنے فوٹو ایڈیٹر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کر دیا ہے جسے ڈوڈل (Doodle) کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی تصویر کوشیئرکرنے سے قبل ایڈیٹ کرکے اس پراپنی مرضی سے جو چاہیں لکھ بھی سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تصویر کو اپنی مرضی سے کاٹ سکتے ہیں اور اس پر سٹیکرز بھی لگا سکتے ہیں۔
اس نئے فیچر کے ساتھ فیس بک کی مرکزی ایپلی کیشن اس کی میسنجر ایپ کے ساتھ ہم
آہنگ ہو گئی ہے۔ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیچر آئی فون اور اینڈرائیڈ فونزپر فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ڈوڈل استعمال کرنے کے لیے تصویراپ لوڈ کرنے کے بعد سکرین پر نمودار ہونے والا ’’Edit‘‘کا بٹن دبائیے۔ آپ کے سامنے ایک فہرست کھل جائے گی، اس فہرست میں سے ’’Doodle‘‘منتخب کیجیے۔ سکرین پر دائیں طرف اوپر سے نیچے ایک بار ہو گی جس سے آپ تحریر کے لیے اپنی مرضی کا رنگ اور پنسل کا سائز منتخب کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سنیپ چیٹ نے حال ہی میں یہ فیچر اپنی ایپلی کیشن پر متعارف کروایا تھا جسے صارفین کی طرف سے بہت پسند کیا گیا۔